دنیا بھر میں لعنت ملامت کے بعد مودی کو بھی شرم آ گئی، گائو رکھشک غنڈوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا
نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت میں گائے کو بچانے کے نام پر انتہا پسند ہندو غنڈوں کے مسلمانوں اور دلتوں پر حملوں اور قتل کے واقعات پر دنیا بھر میں ہونیوالی لعنت ملامت کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی شرم آ گئی۔ تشدد میں ملوث گائو رکھشکوں کیخلاف ریاستی حکومت کو سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔ گزشتہ روز ہونیوالی کل جماعتی میٹنگ کے دوران مودی نے کہا گائے کو بچانے کے نام پر تشدد کرنیوالے باز آ جائیں ورنہ ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کو مذہبی رنگ دینے سے بھی گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گائے کو بہت سے ہندو اگرچہ مقدس مان کر ماں کا درجہ دیتے ہیں مگر اس عقیدے کی بنیاد پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ واضح رہے آل پارٹیز میٹنگ جو بھارتی پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس سے قبل ہو رہی تھی میں اپوزیشن رہنمائوں نے گائو رکھشکوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل اور تشدد پر کارروائی نہ کرنے کیلئے مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔