.قصاص تحریک کا دوسرا رائونڈ باقی، انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آئیں گے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے تو پھر جو سلوک عام ڈاکو اور قاتل کے ساتھ ہوتا ہے وہی سلوک پانامہ کے چوروں اور ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے ساتھ بھی ہونا چاہیے؟ قومی مجرم اس بار سنبھل گئے تو پھر خدانخواستہ ملک نہیں سنبھلے گا۔ 15 جولائی کے احتجاجی جلسہ میں ہزاروں کارکنوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے عوامی تحریک کے کارکن شہدائے ماڈل ٹائون کے قصاص اور ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے آج بھی پر عزم اور تازہ دم ہیں، قصاص تحریک کا دوسرا رائونڈ باقی ہے، انصاف نہ ملا تو پھر سڑکوں پر آئیں گے اور اس بار قصاص لیے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں گے ۔ عوامی تحریک کے مرکزی رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تبدیلی کی ہوائیں چل پڑیں، لٹیرا اقتدار آخری سانسوں پر ہے، عوام جاگتے رہیں، مجرم ٹولہ کسی حد تک بھی گر سکتا ہے، انہیں اقتدار میں لانے والی غیر ملکی قوتیں اپنا کھیل کھیل رہی ہیں، محب وطن عوام ، قاتلوں سے جان چھڑوانے کا یہ قیمتی موقع ضائع نہ ہونے دیں، سپریم کورٹ جے آئی ٹی ممبرز اور ان کے اہلخانہ کو پوری طرح تحفظ دے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء بھی انصاف کیلئے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ اس بات کا سب سے بڑا حامی ہوں کہ گو نواز گو کی تحریک پر تمام اپوزیشن جماعتیں اور عوام اکٹھے ہو جائیں، قوم ملک بچانے اور ڈاکوئوں کا بھگانے کیلئے وکلاء کی طرف دیکھ رہی ہے، وکلاء اپنا کردار ادا کریں۔