کرپٹ حکمرانوں سے نجات ہم سب کی ذمہ داری ہے ‘بلاول بھٹو

17 جولائی 2017

لاہور (آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ملک کے سیاسی حالات، موجودہ داخلی و خارجی صورتحال اور پانامہ کیس کے تناظر میں نوازشریف کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی جنرل سیکرٹری نرگس فیض ملک سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک و قوم کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کا یہ فرض ہے وہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ اور فاضل عدالت کے حکم پر قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد نوازشریف پر استعفیٰ کیلئے زور دیں اور ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کیلئے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں‘ ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ عوام کے مسائل صرف پیپلزپارٹی ہی حل کرے گی ۔پیپلزپارٹی ہی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے یہ ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے ۔ عوام کی طاقت صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں پی پی کے کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کارکنوں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اتوار کے روز اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی این اے 260کے ضمنی انتخابات کے نتائج نہیں بتائے گئے، پی پی امیدوار پولنگ ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا، انہوں نے کہا کہ اپنے مینڈیٹ سے ہیرا پھیری برداشت نہیں کریں گے، نتائج روکنے پر ہمارے کارکنوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس گردی کی گئی، پرامن احتجاج پر ہمارے کارکنوں پر لاٹھیاں برسائی گئی جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

بلاول بھٹو