کراچی میں بارش، سمندری ہوائیں، موسم خوشگوار، بجلی غائب

17 جولائی 2017

کراچی (نیوز رپورٹر)شہرقائد میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والا بارش کاسلسلہ اتوار کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 15ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، لانڈھی میں 13ملی میٹر، شارع فیصل پر 8 ، ایئر پورٹ پر 6اعشاریہ 2 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 5، پی اے ایف مسرور پر 6اور صدر میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 26 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 31سے 33ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب88فیصد ہے۔شہرمیں ہلکی بارش کی وجہ سے سڑکوں پرپھسلن ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کومعمولی نوعیت کے حادثات پیش آئے، بارش کے نتیجے میں متعدد فیڈرزٹرپ ہوگئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔دوسری جانب کے الیکٹرک نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ رات بارش کے باعث100 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوئے تھے اب متاثرہ فیڈر بحال ہوچکے ہیں ۔ مختلف علاقوں میں ٹیکنیکل فالٹس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے ۔ کے الیکٹرک کا عملہ فالٹس درست کرنے میں مصروف ہے ۔
کراچی/بارش