تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ پیپلزپارٹی میں شامل

17 جولائی 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئی ہیں۔ اتوارکوپیپلزپارٹی میڈیا سیل میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فریال اور وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔آج دوبارہ اپنے گھر لوٹ آئی ہوں۔میرے والد نے بھٹو کے ہاتھ میں پارٹی جوائن کی-پی ٹی آئی دھرنے میں میری بہت کوششیں ہیں تاہم تحریک انصاف پر کوئی کیچڑاچھالنا نہیں چاہتی جب کہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود پی ٹی آئی تبدیل ہوگئی ہے اور یہ اب وہ پارٹی نہیں رہی جس کے لیے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔عمران خان بچی کھچی پارٹی کو بچا لیں۔نازبلوچ نے کہاکہ میں نے پی ٹی آئی کے لیے متحرک کام کیا سوشل میڈیا پر متحرک رہی لیکن پی ٹی آئی صرف پنجاب تک محدود ہے اور مرکز کی سیاست کررہی ہے۔پی ٹی آئی کا سندھ اور کراچی کی طرف فوکس نہیں ہے کیونکہ عمران خان چندگھنٹوں کے لیے کراچی آتے ہیں تو انہیں کراچی کے ورکرز سے دور رکھا جاتا ہے۔نازبلوچ نے کہاکہ کراچی میں ضمنی الیکشن میں ہار کی وجہ پی ٹی آئی کے چار لوگوں کی میوزیکل چیئر ہے گھوم کر یہ ہی لوگ کراچی کے صدر بن جاتے ہیں۔پی ٹی آئی قیادت کی عدم توجہ سے کراچی میں ان کو حاصل ہونے والا مینڈیٹ ضائع ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ میرا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے میرے والد بھٹو صاجب کے ساتھ کام کیا تھا۔میری سیاسی تربیت میرے والد نے کی۔آج پیپلزپارٹی میں شامل ہوکر خوش ہوں۔پیپلزپارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس میں تنظیمی اسٹرکچر ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے لیڈر عمران خان نہیں بلاول بھٹو زرداری ہیں۔انہوں نے کہاکہ سعید غنی پیپلزپارٹی کے فعال رہنما ہیں انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا میرے سیاسی سوالوں کے جواب دیئے میں مطمئن ہوئی اس کے بعد پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلزپارٹی شامل ہوئی ہوں۔ اس موقع پروزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نازبلوچ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ نازبلوچ کی شمولیت سے پیپلز پارٹی مضبوط ہوگی جب کہ ناز بلوچ اور میرے والد ایک ساتھ اسمبلی میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس 114 میں 4 سیاسی جماعتوں کو شکست دی، آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر سے کامیاب ہوگی۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کرپشن کے خلاف ہے۔نیب کو صرف پلی بارگیننگ میں کامیابی ملی ہے۔نیب نے کرپشن کو ختم نہیں کیا۔1999 میں مشرف نے نیب کا قانون ایمرجنسی میں نافذ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ نیب قانون جب سندھ اسمبلی میں پیش کیا تو اس کی تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی گورنرنے جو اعتراض کیے ہیں اس پراسمبلی میں بات کریں گے۔اور نیب کی صوبے میں منسوخی کے بل کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کریں گے. انہوں نے کہاکہ نیب بل پر گورنرسندھ کاموقف نیا نہیں ہے۔سترہویں ترمیم میں اس قانون کو تحفظ فراہم کیا گیا۔گورنر صاحب کوبل واپس کرنے کا اختیار ہے۔صوبے کے گورنر ہونے کے باوجود انکا مفاد صوبے کے ساتھ نہیں ہے۔نیب کے لیے سپریم کورٹ نے ہی کہا تھا کہ نیب دفن ہوچکا ہے۔فریال تالپور نے کہاکہ پیپلز پارٹی آج پورے ملک میں پھیل رہی ہے۔آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ امید ہے ناز بلوچ والد کے مشن کو آگے بڑھائیں گی۔ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔اس موقع پر،وقار مہدی،سعید غنی،سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انور سیال اورراشد ربانی بھی موجود تھے ۔
ناز بلوچ