نواز شریف کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات غلط ثابت ہونگے‘ برجیس طاہر

17 جولائی 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف پرپانامہ لیکس کیس کے ضمن میں لگائے گئے تمام تر الزامات غلط ثابت ہونگے اور محمد نواز شریف ملک کی ترقی وخوشحالی کے اپنے وژن پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ممبران کے جانبدارانہ رویے کی وجہ سے اُن کی جماعت کو یقین تھا کہ جے آئی ٹی انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے بغیر اپنی رپورٹ محض مفروزوں کی بنیاد پر ترتیب دے گی اور جے آئی ٹی کے ایسے جانبدارانہ رویے کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ سے اس ضمن میں رابطہ کیا تھا انہوں نے کہا کہ حسین نواز کی تصویر لیک کرنے جیسے واقعات سے اِس امر کا یقین ہوگیا تھا کہ جے آئی ٹی تعصب پر مبنی فیصلے کے سوا کچھ نہیں کرسکتی اور بعد ازاں قطری شہزادے کی گواہی اور بیان کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ایسی رپورٹ پیش کی گئی جس سے تحقیقات کم اور کسی انتقامی کارروائی کا تسلسل زیادہ نظر آتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ کی سماعت میں جے آئی ٹی کی اس جانبدار اور حقائق کے منافی رپورٹ کے ایک ایک لفظ کو غلط ثابت کریگی، انہوں نے کہا کہ رپورٹ کی پاداش میں مسلم لیگ ن کی قیادت کو بدنام کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان اور پاکستان کے عوام اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ عمران خان جیسے سازشیوں کی جانب سے نواز شریف کو نشانہ بنا کر پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے عمل کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دینگے۔
برجیس طاہر