جے آئی ٹی سے نکلنے والا ’’جن‘‘ سازش نہیں‘ میاں صاحب کا اعمال نامہ ہے: پی ٹی آئی

17 جولائی 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ جے آئی ٹی سے نکلنے والا ’’جن‘‘ سازش نہیں‘ میاں صاحب آپ کا اعمال نامہ ہے۔ اگر اللہ کی مدد ساتھ ہے تو روتے کیوں ہیں؟ اگر کرپشن‘ منی لانڈرنگ نہیں کی تو ڈر کس بات کا ہے؟ تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نیا سورج طلوع ہو رہا ہے۔ نئی صبح قریب ہے اور اگلے وزیراعظم عمران خان ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کی ماری ہوئی حکومت میں گھس کر راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کا ہر کارکن عمران خان کی قیادت میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ سینئر مرکزی رہنما اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ آل شریف کو بچانے والے بھی ساتھ ڈوبیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ جتنا جلدی ہو‘ اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں۔ ڈاکٹر شاہد صدیق خان نے کہا کہ نوازشریف کو جمہوریت ڈی ریل اور سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ نریندر مودی کے یاروں اور پیاروں کے اقتدار کے خاتمے کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔