آئندہ انتخابات میں جے یو آئی بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی: مولانا امجد

17 جولائی 2017

لاہو(خصوصی نامہ نگار)کوئٹہ کے ضمنی الیکشن این اے 260میں جمعیت علماء اسلام کے امیدوار انجینئر حاجی محمد عثمان بادینی کی کامیابی پر جمعیت کاایک ایک کار کن مبارکباد کا مستحق ہے۔ ضمنی الیکشن میں جمعیت کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان جمعیت علماء اسلام کا مر کز ہے انشاء اللہ مستقبل کے انتخا بات میں جمعیت علماء اسلام ایک بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی۔ یہ باتیں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے جے یو آئی پنجاب کے عاملہ کے اراکان اور جے یو آئی ملتان کی مجلس عاملہ کے ذمہ داران سے کہیں۔ انہوں نے کہاکہ کارکن الیکشن کے لیئے تیار رہیں انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہیں لیکن وقت سے قبل بھی ہوئے تو جے یو آئی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ہی ملک کو خوشحال باوقاراور مستحکم پا کستان بنا سکتی ہے۔ جے یو آئی نے ملک کو سیکولر بنانے کی سازشوں کا مقابلہ کیاہے اور مستقبل میں بھی کرے گی۔