نواز شریف بتائیں ان کیخلاف سازش کون کررہا ہے: فیصل صالح حیات
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف میں ہمت ہے تو بتائیں کہ انکے خلاف سازش کون کر رہا ہے کیا عدلیہ سازش کر رہی ہے یا پھر اسٹیبلشمنٹ شریف خاندان کی تیس سال سے جاری کرپشن اب پکڑی گئی ہے معزز عدلیہ نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جے آئی ٹی کے ممبران نے بھی اپنا کام بہترین انداز میں انجام دیا ہے۔ نواز شریف نے ہمیشہ دولت اور طاقت کے بل بوتے پر حکمرانی کی ہے وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایک طرف ہو جانا چاہئے۔ ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا۔ ماضی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کیساتھ عدالتوں کا رویہ مختلف رہا ہے۔ جے آئی ٹی کے حوالے سے ان کے وزرا اپنی سیٹوں کو بچانے کے لیے بیان بازی کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مخدوم سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال کو فیفا کی پابندی سے بچانے اور اس مقبول کھیل کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خط لکھ کر مدد کی اپیل کی ہے۔ دو سال تک ذاتی تعلقات استعمال کر کے ملک کو پابندی سے بچایا ہے۔ اکتیس جولائی تک ہم نے اندرونی مسائل حل نہ کیے تو فٹبال کی عالمی تنظیم کیطرف سے پابندی کے واضح امکانات موجود ہیں۔ اگر پابندی لگ گئی تو پاکستان فٹبال کی دنیا میں تنہا ہو جائیگا۔ دو برس میں پہلے ہی بہت نقصان اٹھا چکے ہیں یہ قوم کے نوجوانوں کا نقصان ہے اور اس کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں۔ کیپٹن صفدر کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر بنانے کے لیے فٹبال ہاؤس پر قبضہ کیا گیا۔