نوازشریف کے سیاسی قتل کی منصوبہ بندی پہلے سے جاری ہے: ساجد میر

17 جولائی 2017

لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ کرپشن بھی مسئلہ ہے مگر اس سے بڑا مسئلہ سویلین بالادستی کا ہے۔ نوازشریف کے سیاسی قتل کی پہلے سے تیاریاں جاری ہیں۔ اتوار کے روز مرکز راوی روڈ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بعض طاقتوں کی نظر یں سی پیک کے ٹھیکوں کی تقسیم سمیت بڑے مفادات پر بھی ہیں۔ قومی خزانہ لوٹنے والے جمہوریت کے علمبردار بنے بیٹھے ہیں جبکہ ذاتی کاروبار کرنے والوں کی گردنوں پر چھری چلائی جارہی ہے۔ عدلیہ اور فوج کے گاڈفادروں کا کبھی احتساب نہیں ہوا۔جے آئی ٹی کے ارکان نے مختصر دورانیے میں جتنی ضخیم جلدیں تیار کی ہیں اس تحقیق پر وہ یقینا ’’پی ایچ ڈی‘‘ کی ڈگریوں کے مستحق ہیں ۔ نوازشریف کے سیاسی قتل کی منصوبہ بندی بہت دیر سے جارہی ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ تو محض ایک بہانہ ہے ۔یہ رپورٹ شریف خاندان کے خلاف ٹارگٹ آپریشن ہے۔