وزیراعظم نوازشریف پاکستان کے مرد آہن ہیں‘منور رضا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ جے آئی ٹی کی اپنی خواہشوں اور مفروضوں پر مبنی رپورٹ کے بینر تلے اچھلنے اور بڑھکیں مارنے والے سیاسی بونے بالخصوص یوٹرن خان حقیقت کی دنیا میں رہتے ہوئے اس تحقیقاتی رپورٹ پر اعلیٰ ترین عدالت سپریم کورٹ کی سماعت اور فیصلہ کے آنے تک اپنی پرانی شیروانی والی خواہش پر قابو رکھیں کیونکہ دلی دوراست‘ انہوں نے کہا کہ محمدنواز
شریف منتخب عوامی وزیراعظم پاکستان کے مردآہن ہیں۔ ناکام سیاسی لیڈروں کے ایسے اتحاد اور تحقیقاتی گروپ بنتے رہیں گے اور مٹتے بھی رہیں گے۔ پاکستانی عوام‘ وزیراعظم محمد نوازشریف اور فوج کا یہ فیصلہ اور عزم ہے کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے راستہ میں آنے والی ہر قسم کی رکاوٹ اور سازش کو ناکام بنادیں گے اور قوم کے سنہرے مستقبل کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور مکمل طور پر آئین اور قانون کے دائرے میں اپنا کیس لڑیں گے۔ اس یقین کے ساتھ کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق ہوگا۔ محمدنواز شریف ایک محب وطن اور عوام دوست رہنما ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کاروشن سنہرا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا اور ناکام سیاسی کھلاڑی اسی لئے 2018ء سے خوفزدہ ہیں۔