مسجد اقصیٰ پر صیہونی فوج کی یلغارقبول نہیں، آئی ایس او

17 جولائی 2017

کراچی (نیوز رپورٹر) اسرائیلی حکومت کا حرم قدسی کو سیل کرنا اور نمازیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنا مقدس اسلامی مقامات کی بے حرمتی کا واضح ثبوت ہے۔ اسرائیلی حکومت کے اقدامات دنیا بھر میں رہنے والے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے اور ان کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش ہے،جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،نماز کی ادائیگی پر پابندی صیہونی ریاست کی مذہبی غنڈہ گردی ہے۔ان خیالات کا اظہار برادر علی اویس زیدی نے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے تیسرے اجلاس عمومی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی عائدکیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے مسلمانوں کے مقدس مقام کی بے حرمتی کا سختی سے نوٹس لے،مسجد اقصیٰ پر صہیونی فوج کی یلغار کسی صورت قابل قبول نہیں ۔امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنا ئزیشن پاکستان کراچی ڈویڑن کے تیسرے اجلاس ِ عمومی سال احیائے اقدار ِ اسلامی2016-17 کا انعقادگلشن ِمعمار میں کیا گیا۔ جس میں آئی
ایس او پاکستان کے مرکزی فنانس سیکرٹری میثم جعفری ،رکنِ مرکزی نظارت مولانا عقیل موسیٰ ،رکنِ ذیلی نظارت ڈاکٹر زیدی،سہیل قاسم، آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر علی اویس ، کابینہ کراچی ڈویژن سمیت شہر بھر کے تمام یونٹ صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔