عمران کا حکومت کیخلاف کل سے تحریک شروع کرنے کا اعلان، پاکستان میں فوج آ ئی تو عوام جشن منائیں گے
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ترکی میں جمہوری حکومت کو ہٹانے کی کوشش کی گئی ترک عوام نے باہر نکل کر جمہوریت کو بچایا، طیب اردگان نے ملکی قرضے ختم کر کے معیشت کو مضبوط کیا۔ فوجیوں نے ترک حکومت گرانے کی کوشش کی تو عوام سڑکوں پر آ گئی۔ آزاد کشمیر کے علاقے اسلام گڑھ میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان میں فوج آ گئی تو عوام جشن منائیں گے اور مٹھائی بانٹی جائے گی، حکومت خدمت کرے تو عوام اس کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کی جا رہی ہے جمہوریت کو فوج سے نہیں نواز شریف کی بادشاہت سے خطرہ ہے، جمہوری اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے جمہوریت میں وزیر اعظم جوابدہ ہوتا ہے پانامہ لیکس کا جواب دینے کی بجائے دکھ بھری کہانی سنائی جاتی ہے کرپشن سامنے آ جائے تو حکمران جواب دینے کی بجائے سودے بازی شروع کر دیتے ہیں۔ وزیر اعظم جمہوری ہوتے تو پارلیمنٹ کو آ کر جواب دیتے۔ قذافی اور صدام حسین بھی جواب نہیں دیتے تھے جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا جا رہا ہے، 50کروڑ روپے سے رائیونڈ کی بم پروف دیوار عوام کے پیسے سے بنائی جا رہی ہے۔ نواز شریف قوم کے پیسے سے عیاشی کرتے ہیں رائیونڈ والوں کو بچانے کے لئے 1200پولیس اہلکار موجود ہیں۔ نواز شریف ملک سے باہر جائیں تو بیٹی شہزادی بن کر بیٹھ جاتی ہے شہباز شریف باہر جائیں تو بیٹا بیٹھ جاتا ہے نواز شریف سے قوم حساب مانگتی ہے۔ بچوں کی پراپرٹی کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، حسنی مبارک کے بچوں کے پیسے بھی باہر پڑے تھے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے ملزموں کو آج تک نہیں پکڑا گیا ماڈل ٹاﺅن میں 14لوگوں کو قتل کیا گیا مغل اعظم کے بچے بھی بادشاہوں جیسی زندگی گزارتے ہیں مغرب کو جمہوریت اوپر اور مسلمانوں کو بادشاہت نیچے لیکر آئی، کرنل قذافی، صدام حسین اور حسنی مبارک کے بچے اربوں پتی تھے، جواب نہیں دیا۔ عمران خان نے کہا کہ نیب کا سر براہ حکومت کا چمچہ ہے وہ کیسے حکومت کے خلاف کارروائی کرے گا نیب میں نواز شریف پر 13کیسز ہیں اسحق ڈار کو بھی بری کر دیا گیا نیب حکمرانوں کا غلام ادارہ ہے کیسے احتساب کرے گا؟ کیسے اسحق ڈار کے خلاف کارروائی کرے گا۔ صرف6برس میں پاکستان پر 6ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھایا ترکی کے لوگوں کی طرح آپ کو بھی جمہوریت کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دینے والی قوم ٹیکس کیوں کم دیتی ہے جب بھی فوج آئی ہے ایسے حکمران خوشیاں مناتے ہیں، مہنگے میٹرو منصوبوں سے پیسہ بنا کر بیرون ملک لیجا کر لگایا جاتا ہے نواز شریف کا بیٹا650کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے۔ پنجاب میں رنجیت سنگھ کے بعد سب سے زیادہ نواز شریف نے حکومت کی، آزاد نیب کے بغیر ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو سکتی نیب چھوٹے لوگوں کو پکڑتی ہے بڑے ڈاکو ﺅں پر ہاتھ نہیں ڈال سکتی دس بڑے مگر مچھوں کو پکڑ لیں کرپشن آدھی ہو جائے گی، کشمیر میں جو بھی آتا ہے لوٹ مار کرتا ہے بھارت کے ساتھ بزنس کرنے والے کشمیر کی آواز کیسے اٹھائیں گے بھیک مانگنے والے ملک کی آواز میں اثر نہیں ہو سکتا پاکستان مضبوط ہونے تک بھارت پر دباﺅ نہیں ڈال سکتا نواز شریف کبھی بھارت پر دباﺅ نہیں ڈال سکتے۔ عمران خان نے کل سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے کہا کہ لوگوں کو سڑکوں پر لانے کیلئے مہم کا آغاز کر رہا ہوں وزیر اعظم کے احتساب کیلئے ملک بھر میں تحریک شروع کر رہا ہوں جب تک حکمرانوں کا احتساب نہیں ہو گا عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔ کرپٹ انسان کسی کرپٹ کا احتساب نہیں کر سکتا۔ دریں اثناءحکومت کے خلاف تحریک چلانے کے معاملے پر تحریک انصاف نے20جولائی کو لیڈر شپ کنونشن طلب کر لیا جس سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریں گے۔ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے بھی پارٹی رہنما شرکت کریں گے۔21جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کے عام انتخابات اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔