پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائنی مدمقابل کو شکست دے کر ورلڈ انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل اپنے نام کر لیا
جنوبی کوریا میں سبز ہلالی پرچم لہرانے والے 28سالہ محمد وسیم کا تعلق کوئٹہ سے ہے, وہ پاکستان کےپہلے باکسر ہیں جس نے ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل ٹائٹل جیتا ہے۔آج ہونے والی فائٹ میں محمد وسیم نے حریف باکسر کو پوائنٹس پر شکست دی.
آج ہونے والی فائٹ کےلئے محمد وسیم نے دو ماہ امریکا اور جاپان میں خصوصی تربیت حاصل کی تھی .مقابلے کے دوران محمد وسیم نےفلپائنی باکسر پر تابڑ توڑ حملے کیے ،آٹھویں راؤنڈ میں وسیم نے جیتھر اولیوا کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا .
محمد وسیم 2015میں اپنی پہلی پروفیشنل فائٹ میں اپنے مدمقابل باکسر کو ناک آوٹ کرنےکااعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ ورلڈ باکسنگ کونسل کا یہ اہم مقابلہ جیتنے کے بعد محمد وسیم پر مزید بڑے عالمی مقابلوں کے دروازے کھل جائیں گے اور وہ باکسنگ کا ہر عالمی مقابلہ لڑسکیں گے.محمد وسیم کامن ویلتھ گیمز، کومبیٹ گیمز چائنا، کنگز کپ، بنکاک، جنوبی ایشائی گیمزبنگلہ دیش ،پریذیڈنٹ کپ انڈونیشیا،بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سمیت متعدد ایونٹس میں حصہ لے کر گیارہ مختلف اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں.