ترکی میں پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ترکی میں موجود پاکستانیوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی
وقت نیوز سے خصوصی ٹیلیفونک رابطے میں ترکی میں پاکستانی پریس اتاشی عبدالاکبر کا کہنا تھا کہ ترکی میں گذشتہ روز پیدا ہونے والی امن و امان کی غیر یقینی کیفیت اور ابتر صورتحال کے دوران ترکی کے ہوائی اڈوں کو بند کر دیا گیا جس سے بین الاقوامی ہوائی آپریشن متاثر ہوئے۔ اس صورتحال میں مختلف ممالک کے ہزاروں مسافر ترکی میں پھنس کر رہ گئے ہیں جن میں پاکستانی بھی موجود ہیں.
پریس اتاشی عبدالاکبر کا کہنا تھا کہ اس ساری صورتحال میں کوئی بھی پاکستانی زخمی نہیں ہوا.سفارت خانے نے ایمرجنسی نمبر بھی جاری کئے ہیں جن پر رابطہ کر کے کسی بھی طرح کی راہنمائی لی جا سکتی ہیں.
پریس اتاشی کا کہنا تھا کہ وہ صورتحال پر فعال ہیں.وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر سفارتخانہ مسلسل ترک حکومت اور انتظامیہ کے علاوہ متعلقہ اداروں سے بھی رابطے میں ہے ۔ ترکش ایئر لائنز نے بھی اپنی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے اور جلد ہی مزید ہوائی آپریشنز کی بحالی کے ساتھ ہی صورتحال میں بہتری کا امکان ہے.