شیخوپورہ: لیڈی ہیلتھ ورکروں کا مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا

17 جولائی 2016

شیخوپورہ(نامہ نگارخصوصی)محکمہ صحت شیخوپورہ کی سینکڑوں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے شدید گرمی اور حبس میں ڈی سی او آفس کے باہر کئی گھنٹے تک دھرنا دیکر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا، اس دوران کئی ایل ایچ ویز نڈھال اور پانچ بے ہوش بھی ہوئی، مظاہرین نے ڈی سی او اور محکمہ صحت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی، تاہم ڈی ایچ کیو ہسپتال سے سرکاری ادویات کی چوری کی تحقیقات کیلئے آنیوالی وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کی مداخلت پر لیڈیز ہیلتھ ورکرز کے مطالبات وزیر اعلیٰ تک پہنچانے کی یقین دھانی کے بعد اپنا احتجاج ختم کردیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیڈیز ہیلتھ ورکرز نے بتایا کہ وہ نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت محکمہ صحت میں فرائض ادا کررہی ہیں مگر ان سے ایک ہی وقت میں کبھی ڈینگی مہم تو پولیو اور خسرہ مکائو مہم کا کام لیا جاتا ہے مگر حکومت پنجاب کی طرف سے اعزازیہ کی رقم انہیں نہیں دی جاتی، تین ماہ قبل 16-16ہزار روپے کا اعزازیہ بعض محکمانہ افسران خرد برد کر گئے اور دیگر اضلاع میں ڈینگی مہم پر ملنے والا اعزازیہ ضلع شیخوپورہ میں نہیں دیا جارہا ،جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے حکام نے اپنا موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔