نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسانا مودی سرکار کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے

17 جولائی 2016

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ(ن) کے ضلعی رہنماء چوہدری زوار حسین گھمن نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسانا مودی سرکار کی ناکامی کا ثبوت ہے۔پاکستان اب کشمیر کو ایشو پر خاموش نہیں رہے گا۔عالمی برادری نے بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھ لیا ہے۔اقوام متحدہ بھی بھارت کے ہاتھوں غلام بن چکا ہے اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ 60سال بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن انسانی حقوق کے علمبراداروں نے خاموشی کا روزہ رکھا ہوا ہے ۔مسئلہ کشمیر کا حل دونوں کے درمیان مذاکرات نہیں بلکہ کشمیریوں کو حق خودرادیت دیا جائے اگر بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا تو تیسری عالمی جنگ ہو گی جس کی لپیٹ میں مغربی ممالک بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو گا دونوں ملکوں کے درمیان کبھی اچھے تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔ پاکستان معصوم اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کسی صورت برداشت نہیں کرئے گا۔