ہسپتالوں میں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے: بابر حیات
ساہیوال (نامہ نگار) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو طبی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے پنجاب حکومت نے ایک جامع پروگرام پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے تا کہ مریضوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے میں درپیش مشکلات ختم ہوں اور ان کا علاج اچھے ماحول میں ممکن ہو سکے ۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ہونیوالے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین تنویر ،ایم ایس ڈاکٹر عبدالمجید اور پرنسپل میڈیکل آفیسرز ڈاکٹر صادق سلیم اور ڈاکٹر زبیر طارق کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ڈویژنل افسران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی بھر پور توجہ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وارڈ کے سربراہان اپنے اپنے وارڈز میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری اور دوسری سہولیات کی فراہمی کے ذمہ دار ہوں گے ۔