ساہیوال: ریلوے سٹیشن کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کا انکشاف

17 جولائی 2016

ساہیوال (نامہ نگار)ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر تعمیر کے دوران ناقص مٹیریل کے استعمال کے انکشاف پر بنیادیں گراکر دوبارہ تعمیر شروع ‘ناقص بجری اور اینٹوں کے استعمال سے روک دیا گیا ‘بہاولپور اوراوکاڑہ ریلوے اسٹیشنوں پر تعمیراتی منصوبے بھی شروع ۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال ریلوے اسٹیشن کی 24ارب روپے کی لاگت سے تعمیرکا سلسلہ شروع ہوا تھا اور اس کی بنیادوں کی تعمیر ابھی مکمل ہوئی تھی کہ ایک شکایت پر ریلوے کے اعلیٰ افسران نے چند روز قبل معائنہ کرکے ناقص مٹیریل کے استعمال کے نمونے لئے اور انکوائری ٹیم تشکیل دی جس نے انکوائری شروع کردی ہے ۔انکوائری کے بعد عمارت کی تعمیر شدہ بنیادوں کو گرادیا گیا اور دوبارہ بنیادوں کی تعمیر شروع ہو گئی ہے ایکسین ڈبل ٹریک رانا شعیب کو نگرانی کا حکم دیا گیا جنہوںنے انسپکشن کے بعد 7ہزار فٹ ناقص بجری اور اینٹوں کے استعمال سے روک دیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ ساہیوال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کے انکشاف پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ریلوے علی محمدآفریدی نے بہاولپور اور اوکاڑہ ریلوے اسٹیشنوں پر بھی تعمیراتی منصوبے کی انسپکشن کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ آج اوکاڑہ ‘ساہیوال اور بہاولپور ریلوے اسٹیشنوں پر تعمیراتی منصوبے کی انسپکشن کرینگے ۔