عورت ہونے کے ناطے ہمیں اپنے اور دوسروں کیلئے کھڑا ہونا ہوگا قندیل بلوچ کا آخری ٹوئٹ

17 جولائی 2016

ملتان (آئی این پی) ماڈل قندیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے آخری بیان میں خواتین کیلئے کہا کہ ان کیلئے ایک عام لڑکی سے خودمختار عورت بننے کا سفر آسان نہیں تھا۔ زندگی نے انہیں جلدی ہی بہت سے سبق سکھا دیئے ہیں۔ اگر آپ مضبوط ہیں تو آپ کو کوئی پیچھے نہیں دھکیل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہونے کے ناطے نہ صرف ہمیں اپنے لئے کھڑے ہونا چاہئے بلکہ دوسروں کیلئے بھی کھڑا ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں بی بی سی سے کچھ عرصہ قبل گفتگو کرتے ہوئے قندیل بلوچ نے کہا کہ میرے والدین نے مجھے آزادی دی۔ مانتی ہوں میں نے اس کا ناجائز استعمال کیا‘ لیکن میں اب ہاتھوں سے نکل چکی ہوں اور اپنی آزادی کا خوب فائدہ اٹھا رہی ہوں۔ ایک اور انٹرویو میں قندیل بلوچ نے کہا کہ بعض لوگ روڑے اٹکا رہے ہیں مگر میرا سفر رکنے والا نہیں۔ مفتی عبدالقوی کی وجہ سے میرے کیریئر کو کافی نقصان پہنچا‘ لیکن میں نے انہیں معاف کر دیا۔ یہ میری فیلڈ نہیں‘ مجھے اپنی فیلڈ میں رہنا ہے۔