ٹیسٹ کرکٹ کا 139 سالہ ریکارڈ یاسر شاہ کے نام

17 جولائی 2016

لاہور (نمائندہ سپورٹس) لارڈز کے تاریخی میدان میں یاسر شاہ نے ایک اور تاریخ لکھ دی۔ کیریئر کے پہلے تیرہویں میچ میں بیاسی شکار کر کے وہ ریکارڈ ہولڈر بن گئے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی 139 سالہ تاریخ کے پہلے باﺅلر بن گئے۔ یاسر شاہ سے پہلے تیرہ ٹیسٹ میچوں میں اکاسی وکٹوں کا کارنامہ آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر چارلی ٹرنر نے دکھایا تھا۔ اس بات کو بھی گذرے ایک سو پچیس سال گذر گئے ہیں۔ اس سے پہلے وہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر لارڈز کے اعزازی بورڈ پر سنچری میکر کپتان کے ساتھ اپنا نام درج کرا چکے ہیں۔ لارڈز میں پانچ وکٹوں کے کارنامے سے یاسر شاہ نے موجودہ باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد کی بیس سال پہلے کی شاندار پرفارمنس یاد دلا دی۔ یاسر شاہ اسی تاریخی میدان میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ دکھانے والے چھٹے پاکستانی باﺅلر بن گئے۔ ان سے پہلے خان محمد، مدثر نذر، وقار یونس، مشتاق احمد اور محمد عامر کے نام تھے۔یاسر شاہ تیزترین 100وکٹیں حاصل کرنے کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں ۔انگلینڈ کے جارج لوہمین نے 120سال قبل سولہ ٹیسٹ میچوں میں سو وکٹیں حاصل کرکے تیز ترین سو وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔تیز ترین پچاس وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی یاسر شاہ کے پاس ہے ۔انہوں نے تیرہ میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ پانچ بار سر انجام دیا ہے۔