راولپنڈی: مالک مکان کا حاملہ خاتون پر تشدد، اہل علاقہ سراپا احتجاج

17 جولائی 2016

راولپنڈی (اے این این) پیرودہائی کے علاقے صفدر آباد میں حاملہ خاتون پر بدترین تشدد کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر پیرودہائی روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ کرائے میں اضافے کی وجہ پوچھنے پر مالک مکان نے بھائیوں کے ساتھ ملکر تشدد کا نشانہ بنایا۔متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ نہ صرف مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ میرے شوہر اور بچے پر بھی تشدد کیا گیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور وزیر اعلی شہباز شریف سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے ڈی ایس پی سردار بابر کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا اور روڑ ٹریفک کے لئے کھول دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے مکمل تعاون نہ کیا تو کل دوبارہ احتجاج کیا جائے گا۔