جنوبی سوڈان میں امن و امان پاکستانی اپنے اہلخانہ، غیر ضروری ملازمین کو فوری نکال لیں: دفتر خارجہ

17 جولائی 2016

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے جنوبی سوڈان میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے باعث اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں۔ جنوبی سوڈان میں مقیم پاکستانی فوری طور پر اپنے اہل خانہ اور غیر ضروری ملازمین کو نکال دیں اور کسی بھی وقت وہاں سے نکلنے کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جنوبی سوڈان میں سکیورٹی کی خراب صورتحال کی وجہ سے غیر ملکیوں کے لیے شدید خطرات ہیں اس لیے تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت ہے کہ وہ جنوبی سوڈان میں غیر ضروری سفر نہ کریں۔ دفتر خارجہ کے مطابق جنوبی سوڈان میں رہائش پذیر اور کام کرنے والے افراد کو بھی ہدایت ہے وہ وہاں سے اپنے اہل خانہ اور غیر ضروری سٹاف کو نکال لیں۔ اسی طرح سے متاثرہ علاقوں کی طرف سفر سے پرہیز کیا جائے اور کسی بھی وقت ملک چھوڑنے کے لیے تیار رہا جائے۔