حکومت تحفظ پاکستان ایکٹ کو مزید موثر بنانے کیلئے سنجیدہ ہے: رانا تنویر
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تحفظ پاکستان ایکٹ کو مزید موثر بنانے کے لیے سنجیدہ ہے تاکہ ملک بھر سے دہشت گردی و انتہا پسندی کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک مین امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں جس کی وجہ سے آج ملکی حالات ماضی کی نسبت کافی بہتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کراچی سمیت فاٹا اوردیگر علاقوں میں لوگ پہلے کی نسبت پر امن زندگی بسر کر رہے ہیں۔ حکومت کا تحفظ پاکستان ایکٹ بھی ملکی حالت کو بہتر بنانے کے لیے تھا جسے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل تھی جسکے بہتر نتائج بھی حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے تحفظ پاکستان ایکٹ کے حوالے سے ایک کمیٹی بنا دی ہے جو تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے گی اور ہم پر عزم ہیں کہ جس طرح پہلے تمام سیاسی جماعتوں نے اس ایکٹ کو سپورٹ کیا تھا اب بھی کریں گی۔