کشمیر میں مظالم پر جماعت اہلسنت کے ایک ہزار علماء کا بانکی مون کو خط
لاہور( سپیشل رپورٹر)جماعت اہلسنّت کے ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک ہزار علماء و مشائخ کے دستخطوں کے ساتھ خصوصی خط ارسال کیا ہے۔ سید ریاض حسین شاہ نے خط میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر سے نجات دلائے ۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔بھارت کشمیریوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کررہا ہے ۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے ۔ بھارت کشمیر میں ریاستی طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے ۔ بھارت کی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے۔ بھارت کا کشمیر کو داخلی مسئلہ قرار دینا سلامتی کونسل کی قرادادوں کے منافی ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ بھارتی فوج کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔ جس کانوٹس لینا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔ اقوام متحدہ کو چاہیئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے اس دیرینہ تنازعہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرے۔