دھرنا سیاست کے عادی عمران کے پاس کرنے کو کچھ نہیں:امیر مقام
لکی مروت(آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے وفاقی محکمہ جات انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ دھرنا سیاست کے عادی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں خیبر پی کے میں ان کی پارٹی کی حکومت ہے وہ بتائیں کہ گذشتہ تین سال میں کونسی تبدیلی لائے صرف زبانی جمع خرچ اور سوشل میڈیا پر مہم بازی کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ وہ لکی سٹی میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد مینا خیل فورٹ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے احتساب کمشن اور انٹی کرپشن کا بیڑہ غرق کردیا ہے حالت یہ ہے کہ صوبائی وزراء پر کرپشن کے الزامات ہیں اور بے دست و پا احتساب کمشن ان کے خلاف کاروائی سے قاصر ہے عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کئے گئے کہ خیبر پی کے میں360ڈیم بنیں گے وہ ڈیم اور ان کے لئے اربوں روپے کہاں ہیں۔