مسلم لیگ ن آزاد کشمیر الیکشن میں دو تہائی اکثریت حاصل کرلے گی: برجیس طاہر

17 جولائی 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ اللہ کے کرم و فضل سے مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور 21 جولائی کو عوام کا بھر پور اعتماد حاصل کرتے ہوئے دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ وزیر اعظم نواز شریف کاوژن اور اُمیدواران کا اعلیٰ کردارمسلم لیگ (ن) کو آزادکشمیر میں عوام کی اُمنگوں کے مطابق ایک مضبوط حکومت کی ٹھوس بنیاد فراہم کرے گا ۔ ریاستی اسمبلی کی41 سیٹوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کو250 سے زائد اُمیدواروں کی جانب سے الیکشن لڑنے کی درخواستیں موصول ہوئیں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میںکسی بھی سیاسی بیساکھی کے بغیر اپنی پہلی حکومت قائم کرے گی اور محمد نواز شریف کے اُس وژن کی تکمیل کرے گی۔ جس کا وعدہ محمدنواز شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہش مند امیدوار اکثریت میں اہل اور اعلی کردار کے حامل افراد تھے اور پارلیمانی بورڈ کے لیے ان امیدواروں میں سے چناوء ایک انتہائی مشکل عمل تھا۔ جس کو تمام تر زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر فا ئنل کیا گیا ۔