حکومت کیخلاف سازشیں جلد انجام کو پہنچ جائیں گی: پیر اشرف

17 جولائی 2016

فیروز والا (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی پیر محمد اشرف رسول نے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتیں جمہوریت اور حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان کی تمام سازشیں بہت جلد اپنے انجام کو پہنچ جائیں گی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مدت انشاء اللہ پوری کرے گی۔ حکومت تمام شعبوں کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔ ملکی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں۔ اقتدار کی ہوس میں مبتلا سیاستدان سازشوں کی بجائے ملکی ترقی کیلئے وزیراعظم کاساتھ دیں تو نا صرف ملک میں جمہوریت مضبوط ہو گی بلکہ معیشت کا پہیہ بھی گھومے گا۔ ایم پی اے پیر اشرف رسول نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی آسانیوں کیلئے سڑکیں، ہسپتال ،سکول اور میڈیکل کالج کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہی ہے۔ ترقی اور بے لوث عوامی خدمت مسلم لیگ ن حکومت کی پہچان ہے۔ شریف برادران کی انتھک محنت کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں۔