پونچھ روڈ کے بند گٹر دو ہفتے بعد بھی نہ کھل سکے‘نوٹس لینے کا مطالبہ

17 جولائی 2016

لاہور (پ ر) اسلامیہ پارک پونچھ روڈ کے بند گٹر دو ہفتے بعد بھی نہیں کھل سکے اور مین روڈ پر گندا غلیظ پانی کھڑا ہے اور گٹروں کے ٹوٹے اور کھلے ڈھکنوں کی وجہ سے لوگ ان میں گر کر شدید زخمی ہو رہے ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ واسا نے گزشتہ روز اس میں پمپ بھی لگایا لیکن گٹر نہیں کھل سکے جبکہ ملتان روڈ کی بندش کی وجہ سے تمام ہیوی ٹریفک 24 گھنٹے پونچھ روڈ سے گزر رہی ہے۔ ہیوی ٹریفک، گٹروں کے ٹوٹے ڈھکنوں اور غلیظ پانی کی وجہ سے علاقہ کے مکینوں کی زندگی عذاب ہو چکی ہے اور لوگ مساجد تک جانے سے قاصر ہو چکے ہیں۔ مکینوں نے ایم ڈی واسا سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاتاخیر علاقے کا ہنگامی دورہ کر کے بند گٹر کھلوائیں اور خراب اور ٹوٹے ڈھکنوں کو فوری بدلیں تاکہ لوگ ان میں گر کر زخمی ہونے سے بچ سکیں۔