ایمانداری سے فرائض سرانجام دیں تو ترقی کیلئے سفارش کی ضرورت نہیں: آئی جی

17 جولائی 2016

لاہور(سٹاف رپورٹر) اگر فورس عوام، حکومت اور محکمہ پولیس کی توقعات کے مطابق انصاف کی فراہمی اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے دیانتداری سے فرائض اداکرے تو عہدوں اور رینکس کے لئے ر سفارشوں کی ضرورت نہیں رہے گی اوریہ تمام عہدے اور رینکس خود آپ کو ڈھونڈیں گے فورس کو اپنے مورال کو بلند رکھنا ہو گا اور صرف اور صرف میرٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کے دبائو میں آئے بغیر بہترین کار کردگی دیکھانی ہو گی ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے گذشتہ روز ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول، بیدیاں میں منعقد پولیس دربارسے خطاب کے دوران کیادربار میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز /انوسٹی گیشنز پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نوازکے علاوہ دیگر سینیئر پولیس افسران اورپنجاب بھر سے 671انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر آئی جی نے بتایا کہ محکمہ پولیس میں عوامی تحفظ کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کے لئے شہید پیکج کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی تجاویز پر غور کیا جارہا ہے جس میں ٹیررزم میں جان دینے والوں کو 1کروڑجبکہ ڈاکوئوںاوردیگر مجرموں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والوںکے لئے 50لاکھ اور سرکاری ڈیوٹی کے دوران ایکسیڈنٹ یا کسی دوسرے طریقے سے فوت ہونے والوں کے لئے 25لاکھ روپے دینے کی تجویز رکھی گئی ہے۔