ججز، عدالتی عملہ نے ایدھی فاؤنڈیشن کیلئے 6 لاکھ 73 ہزار روپے عطیہ کر دیئے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججز اور عدالتی عملے نے ایدھی فاؤنڈیشن کی مالی امداد کیلئے چھ لاکھ تہتر ہزار پانچ سو روپے عطیہ کر دئیے۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی ہدایت پر رجسٹرار نے پنجاب بھرکی ماتحت عدلیہ کو ایدھی فاونڈیشن کی مالی امداد کے لئے مراسلہ بھجوایا تھا۔ مراسلے کے متن میں عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں ضلعی عدلیہ کے ججز اور عملے کو ایدھی فائونڈیشن کی مالی امداد کی ہدایت کی گئی تھی۔ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ سیشن جج پانچ ہزار،ایڈیشنل سیشن جج تین ہزار،سینئیر سول جج پندرہ سو روپے ،سول جج ایک ہزار روپے مالی امداد کے لئے جمع کراسکتے ہیں۔ مراسلے کے مطابق عدالتی ملازمین کو ہدائت کی گئی تھی کہ عدالتی ملازمین پانچ سو روپے تک کی رقم ایدھی فاونڈیشن کے لئے مالی امداد دے سکتے ہیں۔چیف جسٹس کی ہدائت پر عمل کرتے ہوئے پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججز اور عدالتی عملے نے ایدھی فاو ؟نڈیشن کی مالی امداد کیلئے چھ لاکھ تہتر ہزار پانچ سو روپیاکٹھے کر کے عطیہ کر دیئے۔