اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے: پیاف
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے مقبوضہ کمشیر میںپرامن مظاہرین پر تشدد ،فائرنگ اور انہیں قتل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے لہٰذا اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے ۔ چیئر مین پیاف عرفان اقبال شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ بزنس کمیونٹی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بزنس کمیونٹی کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی ۔ عرفان اقبال نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں پر ظلم کا نوٹس لے ،کشمیر یوں کے حق میں اقوام متحدہ کی قرارداد سب سے پرانی ہے جس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا اس پر عملدرآمد کرواتے ہوئے مقبوضہ کشمیریوں کو استصواب رائے کاحق دیا جائے۔ سیئنر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑین گے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی نئی لہر جو برہان الدین وانی کی شہادت سے پیدا ہوئی ہے دن بدن زور پکڑ رہی ہے بلکہ اب تک درجنوں کشمیری جام شہادت نوش کر چکے ہیں ۔