کراچی میں ٹیکسٹائل سٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائیگا:عامر خان مروت

17 جولائی 2016

کراچی(کامرس رپورٹر) وفاقی سیکریٹری برائے ٹیکسٹائل عامر خان مروت نے کہا ہے کہ کراچی میں جلد ٹیکسٹائل سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لئے وفاق نے سندھ حکومت کو زمین کی مد میں تیس کروڑ روپے ادا کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔ فیڈریشن ہائوس میں اعلٰی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری برائے ٹیکسٹائل نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل شعبہ کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ چالیس فیصد روزگار اور ساٹھ فیصد زر مبادلہ حاصل کررہا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے اجلاس میں سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب، نائب صدر ذوالفقار علی شیخ، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اپیرل نقی باری، اکرام راجپوت، فرزانہ خان اور دیگر شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل پالیسی دو ہزار پندرہ میں اس صنعت کی ترویج و ترغیب کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں جس میں اہم قدم اچھی کارکردگی پیش کرنے والی انڈسٹری کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا مزید یہ کہ ٹیکسٹائل صنعت کو آئیندہ پانچ سال کے دوران ڈی ایل ٹی ایل ، طویل مدتی سرمایہ کاری سہولت کے لئے ہر سال چھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ عامر خان مروت نے کہا کہ وفاق فیصل آباد کی طرز پر کراچی میں بھی ٹیکسٹائل سٹی کے قیام کے لئے سنجیدہ ہے۔