پنجاب سیڈ کونسل کا اجلاس، مختلف فصلوں کی24 نئی اقسام کی منظوری
لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب سیڈ کونسل کا 47واں اجلاس وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید کی صدارت میں زراعت ہائوس لاہور میں ہوا جس میں مختلف فصلوں کی 24نئی اقسام کی منظوری دی گئی جن میں گندم کی 7،کپاس کی ایک نان بی ٹی، دھان کی 3 ،کمادکی ایک، مکئی کی ایک ، چنے کی 2، تل کی ایک ، سرسوں کی ایک ،رایا کی ایک ،ٹماٹر کی 3، آلو کی 2اور کریلے کی ایک قسم شامل ہے۔ گندم کی نئی منظورہونے والی اقسام میں نیشنل ایگریکلچر ل ریسرچ کونسل اسلام آ باد کے زرعی سائنسدانوں کی زنک اور آئرن کی حامل ہائی جینک قسم زنکول گندمNR-421 اور NR-399بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیجوں کی صنعت کی ترقی اور کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں ۔مارکیٹ میں کپاس کی اگیتی فصل آنا شروع ہو گئی ہے اور کاشتکاروں کو 3000/- روپے فی من سے زائد نرخ مل رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے ۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ سائنسدانوں کی ریسرچ کا اصل فائدہ اسی صورت میں ہے جب تحقیق کا ثمر کھیت میں کام کرنے والے محنت کش تک براہ راست پہنچے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر زراعت کا جدید خطوط پر استوارکرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسمی تغیر سے نبرد آزما ہونے والے طاقتور بیج ہی ہماری زرعی خودکفالت کی ضمانت ہوں گے۔اجلاس میںسپیشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ)ڈاکٹر فرح ، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ)ڈاکٹر غضنفر علی خان ، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر وسیکرٹری پنجاب سیڈ کونسل ناصر سلیم،ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع و اڈاپٹیو ریسرچ) ڈاکٹر انجم علی ،کاٹن کمشنر (منسٹری آف ٹیکسٹائل انڈسٹری)ڈاکٹر خالد عبداﷲ، ریجنل ڈائریکٹر پنجاب (فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ )مسعود قمر قریشی اور ڈائریکٹر ایگری کلچرل انفارمیشن پنجاب محمد رفیق اختر کے علاوہ زرعی سائنسدانوں اور ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی۔