ترکی کے باغی ٹولہ کی سازش کچلنے پر کاروباری طبقہ سلام کرتا ہے: خواجہ خاور

17 جولائی 2016
ترکی کے باغی ٹولہ کی سازش کچلنے پر کاروباری طبقہ سلام کرتا ہے: خواجہ خاور

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط اورایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان کے چیئرمین و سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب خواجہ خاوررشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے کاروباری طبقہ نے ترکی میں باغی فوجی ٹولہ کی سازش کو کچلنے کے لیے ترک عوام کاروباری طبقہ اور سیاسی قیادتوں کے جرات مندانہ اتحاد و یکجہتی کو سلام پیش کیا ہے ۔جنہوں نے جمہوریت کے خلاف سازشی عناصر کو ہمیشہ کے لیے سبق سکھا دیا ہے کہ فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت اور اندرون ملک بوقت ضرورت عوام کی مدد کرنا ہے ۔ عوام کی رائے کو کچلنے والو ں کو عوام ہمیشہ کے لیے کچل کر نشان عبرت بناد یں گے ۔انہوں نے گزشتہ روز اپنے بیان میں ترکی کے صدر طیب اردگان وزیر اعظم علی یلدرم ۔ کاروباری طبقہ اور عوام کے لیے خیر سگالی اور محبت کے پیغام میں کہا ہے کہ ترکی کی موجودہ قیادت کی رہنمائی میں جمہوری روایات مضبوط اور معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔ عبدالباسط نے کہا کہ حکومت کا تختہ الٹنے کا مطلب یہ ہوتا کہ معیشت کو تہہ و بالا کر دیا جائے ۔ اقتصادی حالات خراب ہو جائیں اور دنیا کی نظروں کی ترکی کا مقام و مرتبہ گر جائے ۔ عوام ایک بار پھر غربت وافلاس کے شکنجے میں گرفتار ہو جائیں انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پھر ترکی کی موجودہ قیادت نے مسلمان ملکوں کے اختلافات اور مسائل ختم کرانے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ مل کر شاندار کردار ادا کیا ہے ۔