بھارت کی کشمیر میں بربریت سے خطے میں بے چینی پھیل رہی ہے: لاہور چیمبر

17 جولائی 2016

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ یہ معاملہ بھرپور طریقے سے عالمی فورمز پر اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے معالے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے ، بھارتی فورسز کی بربریت کی وجہ سے پورے خطے میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کشمیر کے معاملے پر عالمی برادری کے کردار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے اور کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کرائے ، اگر فوری طور پرایسا نہ کیا گیا تو کوئی بدترین انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بے گناہ معصوم لوگوں کی ہلاکت کسی طرح بھی قابل قبول نہیں، پاکستان کی کاروباری برادری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔