پلاٹوں کی خرید وفروخت پر ٹیکس کیخلاف مظاہرہ، حکومت مخالف نعرے

17 جولائی 2016

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پلاٹوں کی خرید وفروخت پر ٹیکس کیخلاف لاہور بھر سے پراپرٹی ڈیلرز نے لاہور پریس کلب کے باہر سخت گرمی میں مظاہرہ کیا پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے ارکان اور عہدیداروں کی بڑی تعداد نے پریس کلب کے باہر جمع ہوکر حکومت کیخلاف نعرے بازی کی مظاہرین نے بینرز اور کتبے پکڑ رکھے تھے۔ جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے ڈی ایچ اے ، سٹیٹ لائف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، بحریہ ٹائون، جوہر ٹاؤن و دیگر علاقوں سے پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدور اپنے اپنے وفد لیکر پریس کلب کے باہر 3 بجے جمع ہو گئے احتججی مظاہرے کے بعد 4 بجے پراپرٹی ڈیلرز نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنا تھی لیکن مظاہرے کی شدت کے باعث وہ پریس کانفرنس بھول گئے اور وقت گزرنے کے بعد انہیں پریس کلب انتظامیہ نے پریس کانفرنس سے روک دیا جس پر مظاہرین کے نمائندے میجر رفیق نے پریس کلب کے باہر ہی کارکنوں سے خطاب کیا میجر رفیق نے کہا کہ اگر حکومت نے ٹیکس واپس نہ لیا تو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع کر دیئے جائیں گے۔ سٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی کے پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی خان نے کہا کہ مظاہرے کے دوران ہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا فون آ گیا ہے اور انہوں نے کل پیر کو مذاکرات کی دعوت دی ہے ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے احتجاج کے دوران شملہ پہاڑی کے اردگرد ٹریفک جام ہو گیا جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔