مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے: ملیحہ لودھی

17 جولائی 2016

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے، کشمیر کا پرامن حل ہی خطے کیلئے سودمند ہے۔ پاکستان نہ صرف کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاتی حمایت جاری رکھے گا بلکہ اس میں مزید تیزی لائیگا۔ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال اور بھارتی افواج کی جانب سے بے دریغ انسانی حقوق کی پامالی علاقائی اور عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ مسئلے کو اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پراٹھا کر اپنی ذمہ داری پوری کروں گی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا بڑھتا ہوا احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ فوجی طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے بہت سے شواہد موجود ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا پاکستان کے دہشت گردی کیخلاف کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ مسئلے کے حل کیلئے بالآخر بھارت کو میز پر آناہی پڑیگا۔