بلاول پاکستان کی تاریخ سے ناواقف، آزادکشمیر کی ہی پڑھ لیں:آصف کرمانی

17 جولائی 2016

ہجیرہ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی قتل و غارت اور بربریت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، 20 جولائی کو بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا، کشمیری عوام آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے 21 جولائی کو شیر پر مہر لگائیں، خوشحال اور روشن کشمیر دیں گے۔ نواز شریف جدیداور ترقی یافتہ پاکستان کے معمار ہیں، بلاول بھٹو پاکستان کی تاریخ سے ناواقف ہیں تو آزاد کشمیر آنے سے قبل کم ازکم کشمیر کی تاریخ پڑھ لیا کریں، ہزار سال جنگ کے نعرے لگانے والوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سے دوطرفہ مسئلہ بنایا دیا جبکہ نوازشریف نے بین الاقوامی فورم اور اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو دوبارہ اجاگر کیا۔ نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے یہ معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔ ہجیرہ میں سراڑی کے مقام پر مسلم لیگ (ن) امیدوار سردار خان بہادر کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری گذشتہ روز راولاکوٹ میں جب تقریر کیلئے آئے تو لوگوں نے بلاول کیلئے بھی وہی نعرے لگا دیئے جو آج کل پورے کشمیر میں چودھری مجید کیلئے لگ رہے ہیں جس کے باعث وہ جلدی سے تقریر ختم کر کے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر نوسرباز اور بنارسی ٹھگ نواز شریف کی ملکی ترقی کیلئے ان کی جدوجہد کو روکنے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے 300 ارب روپے آزاد کشمیر کی خوشحالی کیلئے دیئے وہ کہاں گئے ۔ 21 جولائی کے بعد عوام کا یہ لوٹا ہوا پیسہ قومی خزانہ میں جمع کرانا پڑے گا۔ کشمیری عوام نے عمران خان کو یہاں پذیرائی نہیں دی وہ بھاگ کر چلے گئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے ہجیرہ سے ٹکٹ کے امیدوار سردار رضوان نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔