پسرور: محنت کش کی 2 سالہ بیٹی نالے میں گر کر جاں بحق

17 جولائی 2016

پسرور (نامہ نگار) ریلوے روڈ پر کمسن بچی گندے نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔ ریلوے روڈ پر گندے پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر پانی جمع تھا اور پانی کی وجہ سے سائیڈ پر بنا ہوا نالہ نظر نہیں آرہا تھا۔ اسی دوران مارکیٹ کمیٹی کے قریب رہائش پذیر غریب محنت کش شمس کی 2 سالہ بیٹی نایاب گھر سے کچھ دور بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے کھلے نالے میں گر گئی اور پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔ بچوں کے شور مچانے پر لوگ جمع ہو گئے۔ انہوں نے بچی کو پانی سے نکالا تو وہ دم توڑ چکی تھی۔ بچی کو تجہیز وتکفین کے بعد مقامی قبرستان میں سپردخاک کرنے کے لئے لے جایا گیا تو راستے میں ایک ایک فٹ گندا پانی بہہ رہا تھا جس پر جنازے کے شرکاء نے حکومت اور انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے۔ اہل محلہ نے کھلے نالے بنانے اور گندے پانی کے نکاس کے مناسب انتظامات نہ کرنے پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔