عبدالستار ایدھی نے رنگ اور نسل سے بلند ہو کر خدمت کی: گورنر سٹیٹ بنک

17 جولائی 2016

کراچی (آن لائن) بنک دولت پاکستان کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا سکہ جاری کریگا جو پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے محسن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک چھوٹی سی کاوش ہے۔ وہ عبدالستار ایدھی مرحوم کیلئے دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی رنگ، نسل او رعقیدے کی تفریق سے بالاتر ہوکر ناداروں، یتیموں، بیوائوں اور محروم طبقے کی خدمت کرتے تھے۔ تقریب میں بنک کی سینئر انتظامیہ، عبدالستار ایدھی مرحوم کے صاحبزادے فیصل ایدھی، مالی شعبے کے نمائندوں، فلاحی کارکنوں اور معاشرے کے معروف افراد نے شرکت کی۔ عبدالستار ایدھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بنک نے کہا کہ خدمتِ خلق کوئی معمولی کام نہیں اور یہ ناممکن بھی نہیں ہے۔ ترقی پذیر ملکوں میں عموماً فلاحی خدمات کی سہولتیں ناکافی ہوتی ہیں اور اس خلا کو پْر کرنے کیلئے نجی شعبہ آگے بڑھتا ہے۔ ہمارے ملک میں اس خلا کو پْر کرنیوالے اوّلین افراد میں عبدالستار ایدھی نمایاں ہیں۔ ایدھی صاحب اسلئے ممتاز مقام رکھتے ہیں کہ انہوں نے اپنی خدمات کا دائرہ پھیلانے اور نیٹ ورک چلانے کیلئے ہمیشہ عام افراد سے عطیات پر ہی انحصار کیا۔ ان کا یہ طرز ِعمل ’’اپنی مدد آپ ‘‘ اور ایک دوسرے کے درد کو سمجھنے کے فلسفے کا عکاس ہے۔ سٹیٹ بنک نے وزیراعظم کی سفارش پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔