اویس شاہ اغوا کیس، بابو سرور سیال کا بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ

17 جولائی 2016

کراچی (وقائع نگار+ نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کیس میں پولیس نے (ق) لیگ لاڑکانہ کے رہنما سرور سیال کا بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سرور سیال نے لاڑکانہ میں پریس کانفرنس اور ٹی وی پروگرام کے دوران چیف جسٹس ہائیکورٹ کے بیٹے کے اغوا کے حوالے سے اہم انکشافات اور دعوے کئے تھے اور موقف اختیارکیا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ بھی اس معاملے میں ملوث ہیں۔ قبل ازیں ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اویس شاہ کیس کے حوالے سے ڈی آئی جی زون ساوتھ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ بابو سرور سیال کا فوری بیان قلمبند کیا جائے اور مذکورہ کیس کے حوالے سے ٹھوس شواہد کے حصول کو ممکن بناتے ہوئے اویس شاہ کی بازیابی کیلئے جملہ پولیس اقدامات کے تحت کیس کو جلد سے جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔