کراچی: لیاری میں دستی بم حملہ، 9 افراد زخمی مقابلہ میں گینگسٹر ہلاک، دہشت گرد گرفتار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت) کراچی کے علاقے لیاری دبئی چوک کے قریب نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دستی بم کے حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری طرف لیاری میں مبینہ مقابلے کے بعد گینگ وار ملزم نادر پنجگوری ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ملزم قتل، بھتا خوری اور دیگر جرائم میں ملوث تھا جس کا تعلق گینگ وار بابا لاڈلا گروپ سے تھا۔پولیس کے مطابق گبول گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی جس میں ریپڈ رسپانس فورس اور علاقہ پولیس نے حصہ لیا،61 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے تھانے منتقل کردیا گیا۔ سی ٹی ڈی پولیس نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بدنام دہشت گرد رضوان سکھر والے کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سابق کراچی پولیس چیف شاہد حیات پر حملے سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد میں وارداتوں میں پولیس کو مطوب ہے۔ ملزم کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 عدد 30 پستول، ایک 32 بور کا ریوالور، ایک رپیٹر اور ایک ڈبہ میگزین بھی برآمدکیا گیا۔