ضرب عضب کی کامیابی سے معیشت بہتر، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے: سرتاج عزیز

17 جولائی 2016

اسلام آباد (آئی این پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پاکستان میں معیشت بہتر ہورہی ہے اور سرمایہ کاری کیلئے مواقع پیدا ہوگئے ہیں جبکہ یورپی یونین کے خارجہ امور کے نمائندہ، پرتگال، رومانیہ اور ڈنمارک کے وزراء خارجہ نے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں پر پاکستان کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ اپنے ممالک کی جانب سے تجارت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور وسکیورٹی پالیسی فیڈریکا، پرتگال، رومانیہ اور ڈنمارک کے وزراء خارجہ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے اے ایس ای ایم اجلاس کے دوران ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کی مضبوط معاشی پالیسیوں کی بھی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے نمائندہ مس فیڈریکا نے پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے خدمات اور افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششوں کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی کوشش جاری رکھے گا۔ رومانیہ ، پرتگال اور ڈنمارک کے وزراء خارجہ کے ساتھ ملاقات میں مشیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول بہتر ہوگیا ہے۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ مشیر خارجہ نے کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور اور ملاقات میں پاکستان کی نیوکلیئرسپلائرز گروپ میں رکنیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔