وزیراعظم سے سینئر ساتھیوں کی ملاقات‘ سیاسی صورتحال‘اپوزیشن کے متوقع احتجاج پر تبادلہ خیال

17 جولائی 2016

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نوازشریف نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں ہفتہ کو بھی اپنے سینئر ساتھیوں کے ساتھ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال‘ اپوزیشن کے متوقع احتجاج‘ 20 جولائی کو مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ کو زبردست طریقے سے منانے کے علاوہ الیکشن کمشن کے چار ممبران کے ناموں پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کرنیوالوں میں وزیراعلیٰ شہباز شریف‘ وفاقی وزرائ‘ اسحاق ڈار‘ چودھری نثار‘ پرویز رشید‘ خواجہ سعد رفیق‘ عرفان صدیقی‘ رانا ثناء اللہ خان موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اس غیر رسمی ملاقات مین اسحاق ڈار نے شرکاء کو اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیل سے آگاہ کیا اور اپوزیشن کے ساتھ ٹی او آر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ترکی کی صورتحال پر بھی زیر گفتگو آئی اور پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا گیا۔