گرین ٹائون: معمولی جھگڑے پر فائرنگ،2 گروپوں کے2 نوجوان قتل
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ گرین ٹائون کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 گروپوں کے 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی مقتولین کے گھروں میںکہرام مچ گیا۔ اہل خانہ دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ معلوم ہوا ہے تھانہ گرین ٹاؤن کے علاقہ کیر کلاں کے رہائشی توصیف کا محلہ دار عمیر عرف مانا سے معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑا زیادہ ہونے پر توصیف نے پسٹل سے فائرنگ کردی جس سے 30 سالہ عمیر عرف مانا موقع پر دم توڑ گیا۔ عمیر کے کزن امیتاز کو واقعہ سے متعلق پتہ چلنے پر امتیاز توصیف کے گھر پہنچ گیا اور فائرنگ کر کے اسے مار ڈالا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیں جبکہ توصیف کے والد رفیق کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق تفتیش کر رہے ہیں اصل حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔