ترکی کی طرح پاکستانی عوام کو کرپشن کیخلاف باہر نکلنا ہوگا: شاہ محمود قریشی

17 جولائی 2016

لاہور (آئی این پی+ این این آئی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک میں سولو فلائٹ نہیں چاہتے، جو بھی عمران خان کے موقف کا حمایتی ہوگا اسکو ساتھ لیکر چلیں گے۔ 20 جولائی کو پارٹی اجلاس میں حکومت مخالف احتجاجی تحریک کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائیگی۔ عمران خان کی نیت پر کسی کوشک نہیں ہونا چاہئے، وہ ملک کو کرپشن سے نجات دلانے کی جنگ لڑ رہے ہیں‘ جیسے جمہوریت کیلئے ترکی کے عوام سڑکوں پر آئے پاکستانی عوام کو ایسے ہی کرپشن کے خلاف باہر نکلنا ہوگا‘ پارٹی کے اندرونی اختلافات کو بڑے مقصد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے‘ پسند اور ناپسند نہیں ملکی مفادات کو تر جیح دینا ہوگی‘ ملک میں کر پشن کا بازار گرم ہے اسکے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، عوام کو بھی کرپشن کیخلاف جنگ میں اپوزیشن کا ساتھ دینا ہوگا‘ ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے، ہر کسی کو حساب دینا ہوگا ورنہ ملک ترقی نہیں کر سکتا‘ وہ تحریک انصاف یوتھ ونگ لاہور کے زیراہتمام کرپشن مٹائو ملک بچائو یوتھ کنونشن سے چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں خطاب کررہے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا قوم کو کرپٹ حکمرانوں کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ ایسے کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا طوفان آیا ہوا ہے۔ این این آئی کے مطابق شاہ محمودقریشی نے کہا جب تک نوجوان طبقہ کرپشن کیخلاف سڑکوں پر باہر نہیں نکلے گا اس وقت تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں، عمرا ن خان ملک میں واحد لیڈر ہے جوملک کوبچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔