سندھ میں لوڈشیڈنگ سے انتخابات میں منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑیگا: امتیاز شیخ
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وفاقی کابینہ کے جمعہ کو گورنر ہائوس میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کی توجہ جن دیگر قومی امور کی طرف مبذول کرائی جاتی رہی، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کے سندھ سے معاون خصوصی امتیاز شیخ نے نوازشریف کی توجہ سندھ میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کی طرف دلوائی اور کہا کہ سال ڈیڑھ سال بعد عام انتخابات ہوں گے، لوڈشیڈنگ کے یہی حالات رہے تو ہمیں سندھ میں منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑیگا۔ وزیراعظم نے انکی بات سے اتفاق کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی بجلی خواجہ آصف کو اس طرف توجہ دینے کی ہدایت کی تاہم خواجہ آصف نے اپنے مخصوص انداز میں امتیاز شیخ سے کہا جہاں بجلی چوری زیادہ اور بل ادائیگی کم ہو انکو ترجیحاً زیادہ بجلی بھلا کس طرح دی جا سکے گی۔ چودھری نثار نے امتیاز شیخ کے موقف کی حمایت کی اور کہا ہمیں سندھ کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو خواجہ آصف نے یقین دہانی کرائی ہم اصلاح احوال کی کوششیں مسترد کریں گے۔