امریکی قانون سازوں کے پاکستان کیخلاف بیان، مشیر خارجہ سینٹ اجلاس میں بیان دیں: رضا ربانی
اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے امریکی کانگریس کے ارکان کی جانب سے پاکستان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ اور غیرسنجیدہ بیانات پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو سینٹ کے آنیوالے اجلاس میں بیان دینے کیلئے خط لکھ دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی قانون سازوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف غیر سنجیدہ بیانات معمول بننے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ ملک کی سالمیت، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کئے گئے حملوں پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ رضا ربانی کی جانب سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی قانون سازوں کی جانب سے اس طرح کے غیر سنجیدہ بیانات اب معمول بنتے جا رہے ہیں، ان حالات میں پاکستان کی پارلیمنٹ ملک کی سالمیت، خود مختاری اور قومی سلامتی پر کئے گئے حملوں پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ چیئرمین سینٹ نے امریکی قانون سازوں کے پاکستان کیخلاف بیانات پر شدید ناراضی کا اظہار کیا تھا۔