ایسے فیصلوں نے عمران خان اور بشری بی بی کو تاریخ میں مزید سرخرو کردیا ہے: مسرت جمشید چیمہ

Jan 17, 2025 | 12:59

پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جنہوں نے شرمناک فیصلہ دیا ہے انہوں نے اپنے منہ پر کالک ملی ہے اور تاریخ میں اپنا چہرہ بدنما کر لیا ہے،بشری بی بی وہ وفادار بیوی ہیں جنہوں نے اپنے شوہر کے لیے ہر قربانی دی اور اپنی جان تک کی پرواہ بھی نہیں کی،ایسے فیصلوں نے عمران خان اور بشری بی بی کو تاریخ میں مزید سرخرو کردیا ہے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ القادر یونیورسٹی بنانے اور سیرت نبوی پڑھانے پر ایسی سزائیں دینے پر یہ تاریخ میں مزید شرمسار ہوں گے،عمران خان کو گراتے گراتے آپ ہمیشہ کے لیے گر چکے ہیں اور آپ کی ان انتقامی کارروائیوں اور بزدلانہ فیصلوں نے عمران خان اور بشری بی بی کے ایک دوسرے پر اعتماد اور محبت کو بھی ہمیشہ کے لیے امر کردیا ہے۔علاوہ ازیں اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قوم جانتی ہے جعلی حکمرانوںنے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سیاسی بنیاد پر انتقامی کارروائی کی، بشری بی بی کو سزا سنانا عمران خان کو دبائو میں لانے کی سازش ہے لیکن بھونڈی سازش کرنے والے اس بار بھی ناکام ہوں گے۔ اس طرح کے فیصلوں سے پی ٹی آئی کے رہنما ئوںاور کارکنوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں ہوںگے ، قیادت آئندہ کے حوالے سے جلد لائحہ عمل بنائے گی ۔ 

مزیدخبریں